ابنا: حسنین حیدر جعفری نے کہا کہ اس طرح کی گستاخانہ حرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ اسلامو فوبیا کا شکار ہے لیکن وہ یہ جان لے کہ اس طرح کی حرکات سے اسلام کو پھیلنے سے نہیں روکا جاسکتا۔
انھوں نے کہا کہ امریکی حکومت اس بات کی ذمہ دار ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی آزادی کی بات کرنے والی ریاست کے فوجیوں کے ہاتھوں مسلمانوں کی دل آزاری اورقرآن کریم جیسی مقدس کتاب کی بیحرمتی اسلام اورمسلمانوں سے شدید نفرت اور مغرب میں اسلام کی تیزی سے پھیلتی ہوئی مقبولیت سے خوف کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزادئ اظہار رائے کی آڑ میں اسلام اور مسلمانوں کو ہدف بنایا جارہا ہے۔امریکی حکومت کے پیچھے صیہونی مشینری امّت مسلمہ کے جذبات بھڑکا کر انہیں اشتعال انگیز اقدام اٹھانے پر مجبور کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے تمام مسلمانان عالم سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کے خلاف متحد ہوکر بھرپور احتجاج کریں، او آئی سی میں شامل ممالک بالخصوص پاکستان اس مسئلے کو اقوام متحدہ میں اٹھائے،امریکی حکومت اورعالمی عدالت برائے انصاف واقعے میں ملوّث افراد اور ان کے پشت پناہوں کے خلاف سخت ترین اقدامات اٹھائے۔